12 ستمبر ، 2016
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی تبدیل کر لی، جاتی امرا کے بجائے رائیونڈ جانے کا اعلان، دھرنے کے بجائے صرف احتجاج پر غور۔ لاہور کے علاقے اڈا پلاٹ میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کیخلاف مظاہرہ کیا، دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے دیگر قیادت کے ساتھ جاتی عمرہ رائیونڈ پر اڈاپلاٹ پر جلسہ کے مقام کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےعلیم خان نےکہاکہ احتجاج کی جگہ میاں صاحب کے گھر سے4 کلومیٹر دور ہے ، یہ پورا علاقہ انکا گھر تو نہیں، جہاں بھی جلسہ کریں گے کوئی ہنگامہ توڑ پھوڑ نہیں ہو گی، امن کی گارنٹی دیتے ہیں۔
وفاقی وزیرپرویزرشیدکےبیان پرجوابی وارکرتےہوئے علیم خان نےکہاکہ شیطانی قوت کا عمران خان سے نہیں ، پرویز رشیدسےتعلق ضرور ہے ، ان کا حال 9 سو چوہے کھا نے والا ہو گیا ہے۔
علیم خان کی میڈیا سےگفتگو ختم ہوتے ہی وہاں مسلم لیگ ن کے کارکن جمع ہو گئےجنہوں نےپی ٹی آئی کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اعلان کیاکہ کسی کو وزیراعظم کے گھر جانے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے عندیہ دیا کہ تاریخ کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا لیکن جلسہ جاتی عمرہ کی بجائے رائیونڈ شہر میں بھی ہو سکتا ہے جس سے مسلم لیگ ن سے جھگڑے کا خدشہ بھی ختم ہو جائے گا۔