18 جون ، 2012
لاہور … این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کا نظام تباہی کے دہانے پر آگیا ہے، لیسکو کے 88 میں سے 65 گرڈ اسٹیشنز اسلام آباد کنٹرول سینٹرسے بند پڑے ہیں۔ پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ گرمیوں میں تیل اورگیس کم نہیں ہونی چاہئے۔ لیسکوحکام کے مطابق لاہور میں ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں گرڈ اسٹیشنز بند ہونے کی مثال پہلے موجود نہیں۔ ٹاوٴن شپ،بند روڈ، گرین ٹاوٴن، کوٹ لکھپت اور فیروز پور روڈ سمیت کئی علاقے رات سے بجلی سے محروم ہیں۔این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کو پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ گرمیوں میں تیل اور گیس کم نہیں ہونی چاہئے۔ دوسری طرف اچھرہ، سمن آباد، مسلم ٹاوٴن، علامہ اقبال ٹاوٴن کے علاقوں میں 2 دن سے پانی نہیں آرہا، لوگ بوندبوند پانی کو ترس گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار باربندش سے ان کی قیمتی الیکٹرانکس اشیاء جل جاتی ہیں جبکہ طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث یو پی ایس اور جنریٹرز بھی جواب دے گئے ہیں۔