19 جون ، 2012
لندن …لندن اولمپکس 2012کی افتتاحی تقریب27جولائی کو منعقد کی جائیگی جسکے لیے آسکر ایوراڈ یافتہ ہدایتکارڈینی بوائل کو تقریب کے انتظامی امور کی سر براہی سونپی گئی ہے۔تقریب کیسی ہوگی ؟اس میں کیا کیا ہوگا اور خاص طور پر اس کا سیٹ کیسا ڈیزائن کیا جارہا ہے یہ سب اب تک پوشیدہ ہی رکھا گیا تھا تاہم اب بوئل نے افتتاحی تقریب کے لیے اپنا ماڈل میڈیا کے سامنے پیش کردیا ہے۔خصوصی طور پر ڈیزائن کیے گئے اولمپک اسٹڈیم میں ہونے والی اس شاندار و یادگاری تقریب کے موقع پر جہاں جانور وں سمیت انکی چراگاہوں کے مناظر موجود ہونگے وہیں دریا،عظیم الشان عمارتیں،پکنک مناتی فیملیز اور آسمان پر منڈلاتے مصنوعی بادل اور اُن سے برستی مصنوعی بارش حسین منظر تخلیق کریگی۔لندن میں ہونے والی اس تقریب میں موسیقی کی سحر انگیز دھنوں اور باصلاحیت فنکاروں کی پرفارمنس بھی شامل ہوگی جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے 80ہزار شائقین جمع ہونگے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ27ملین پاؤنڈ کی لاگت سے منعقدکیا جانے والا یہ ایونٹ2008 کے بیجنگ اولمپکس کی چکا چوند کو مانند کرپاتا ہے کہ نہیں؟