10 اکتوبر ، 2016
پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا کہنا ہےکہ دماغ انسانی جسم کا اہم ترین جزو ہے،جس کا متوازن رہنا صحت مند زندگی کیلئے ضروری ہے، مثبت سوچ اور فکر ذہنی اور نفسیاتی امراض سے محفوظ رکھتی ہے۔
ذہنی صحت کےعالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں شہباز شریف نےکہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد ذہنی اورنفسیاتی امراض کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور ایسے مریضوں کےعلاج معالجے اور بحالی کی کوششوں کو مربوط بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت وتندرستی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند انسان ہی معاشرے کی بھلائی کیلئے بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکتے ہیں۔
شہبازشریف نےکہا کہ قانون فطرت سے ہٹ کر زندگی گزارنے سے بھی ذہنی امراض لاحق ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔