پاکستان
13 اکتوبر ، 2016

منی لانڈرنگ کیس ختم، وزیر داخلہ کا برطانوی ہائی کمشنرسے اظہارتشویش

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے بانی ایم کیوایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم کرنے پر برطانوی ہائی کمشنرسےسخت ناپسندیدگی اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے چوہدری نثار کو بتایا کہ بانی ایم کیوایم کے خلاف اشتعال انگیز تقریرکا کیس برقرار ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی اور ایم کیو ایم کے بانی قائد سے متعلق کیسز پر ا سکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیرداخلہ نے ا سکاٹ لینڈ یارڈ کی تفتیش پر تشویش کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وزیرداخلہ چوہدری نثار کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ برطانوی پولیس نے بانی ایم کیوایم کے گھر سے ہتھیاروں کی شاپنگ لسٹ برآمد کی، وہ منی لانڈرنگ، قتل اور نفرت انگیز تقاریر کی کیسوں کی پیروی کرتے رہیں گے ۔

2014ءمیں برطانوی اسکاٹ لینڈ یار ڈ نے لندن میں ایم کیو ایم کے بانی قائد کے گھر پر کی کارروائی کی، جہاں سے کم و بیش تین لاکھ پاؤنڈز برآمد ہوئے ، پھر منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع ہوئیں ، تقریباً دو سال بعد ایم کیو ایم کے بانی کو ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر کیس سے بری کر دیا گیا ، جس پر وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

منی لانڈرنگ، قتل اور تشدد پر اکسانے کے کیسز کی پیروی کرتا رہوں گا، برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات وسیع اور اچھے ہیں، ایک شخص کے لیے ان اچھےتعلقات کو ڈیڈ اینڈ پر کیوں پھنسائیں۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نےکراچی میں برآمد ہونے والے بھاری اسلحے کے ممکنہ طور پر ایم کیو ایم کے بانی قائد سے تعلق کا اشارہ بھی دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی متحدہ کے گھر سےملی ستاویزات میں سے کچھ اسلحے سے متعلق تھیں، نائن زیرو کے قریب برآمد اسلحے سے متعلق تحقیق جاری ہے۔

مزید خبریں :