20 جون ، 2012
واشنگٹن …سابق سوویت یونین کی جاسوسی کے دوران گرائے جانے والے یو۔ٹو طیارے کے گرفتار امریکی پائلٹ کیپٹن فرانسس گیری پاورز کو 50 سال بعد بعد از مرگ اعلیٰ فوجی اعزاز ”سلورا سٹار“ سے نوازا گیا۔ یہ بات امریکی ایئر فورس پبلک افیئرز ایجنسی نے اپنے ایک بیان کہی ۔ یو ٹو جاسوس پائلٹ 1960 میں جاسوسی کی غرض سے سوویت علاقے میں داخل ہوا تھا۔ سوویت فوج نے سویواد لونسک کے قریب اس کا طیارہ گرا لیا۔ گرفتاری کے بعد کیپٹن فرانسس پاورز کو تفتیش کی غرض سے ماسکو منتقل کر دیا گیا۔ یو ایس ایئر فورس کا کہنا ہے کہ سوویت خفیہ پولیس ٹیم کی جانب سے انتہائی تشدد کے باوجود انہوں نے حساس اطلاعات دینے سے انکار کر کے جرأت کا مظاہرہ کیا تھا۔ بالآخر اسے دو سال بعد رہا کر کے ملک روانہ کر دیا گیا۔ گزشتہ روز امریکی ایئر فورس کے چیف آف اسٹاف جنرل نورٹن نے سلور سٹار پاورز کے نواسے کے حوالے کیا۔ اس موقع پر پاورز کے خاندان کے ارکان اور فوجی حکام بھی موجود تھے۔