20 جون ، 2012
اشک آباد…آذربائیجان اور ترکمانستان کے درمیان بحیرہ کیسپیئن میں حدود کے تنازعہ پر اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ ترکمن وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ آذری بارڈر گشتی پارٹی نے گزشتہ روز متنازعہ آئل فیلڈ کے قریب ریسرچ پرمامور ترکمانستان کے بحری جہاز کیخلاف غیر قانونی کارروائی کی ہے۔ آذری۔ترکمن میری ٹائم بارڈر کے قریب واقع آئل فیلڈ میں ایک اندازے کے مطابق 80 ملین ٹن تیل اور 32 ارب مکعب میٹر گیس کے ذخائر پائے جاتے ہیں۔ ترکمن وزارت خارجہ نے ”غیر قانونی کارروائی“ کرنے پر گزشتہ روز اشک آباد میں آذربائیجان کے سفیر کو طلب کر کے سخت احتجاج کیا اور دھمکی دی کہ اگر 16 جون جیسا واقعہ دوبارہ ہوا تو ترکمانستان جوابی قدم اٹھائے گا۔