کھیل
15 اکتوبر ، 2016

جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کے درمیان تنازع ختم

لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کے درمیان تنازع ختم ہوگیاہے، جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر صلح کرلی ،جاوید میانداد نے شاہد آفریدی پر لگائے الزامات واپس لے لیے، آفریدی نے بھی ان سے معافی مانگ لی۔

کراچی میں جاوید میانداد اورشاہد آفریدی کے درمیان ملاقات ہوئی ، جس کی ویڈیو میڈیاکوجاری کی گئی ہے جس میں دونوں نے ایک دوسرے کے کندھے پر ہاتھ رکھا، ہاتھ ملایا، ایک دوسرے کو مٹھائی بھی کھلائی۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی سے متعلق اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں،جو کچھ کہا وہ غصہ میں کہا ،شاہد آفریدی چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔

شاہد آفریدی نے جاوید میانداد سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ آپ کی بات سے مجھے دکھ ہوا تھا،آپ بڑے ہیں اور آپ کی ہر شخص عزت کرتا ہے میں بھی یہ کبھی نہیں چاہوں گا کہ آپ کی طرف سے معافی مانگی جائے آپ نے الفاظ واپس لے لئے میرے لئے یہ ہی عزت کی بات ہے،میری بات بھی آپ کو بری لگی ہو تو میں معافی چاہتا ہوں۔

شاہد آفریدی نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہی چاہتا تھا کہ یہ مسئلہ حل ہوجائے،جاوید بھائی نے غلطی مانی اور الفاظ واپس لیے، نہیں چاہتا تھا کہ معاملہ عدالت میں جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی زبانوں کو سوچ سمجھ کر استعمال کرنا چاہیے، پاکستانی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے، اللہ کرے یہ یوں ہی کھیلیں،قومی ٹیم کو جب بھی ضرورت پڑے گی تو میری خدمات حاضر ہوں گی،جاوید میانداد سے تنازع کے حل میں میرے بھائی مشتاق آفریدی نے اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :