19 اکتوبر ، 2016
امین حفیظ...وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ کروڑوں کےقرضےمعاف کرانےوالےعوام کودھوکا دے رہے ہیں، کرپشن کےخلاف اسلام آبادبند کرنا کہاں کی دانشمندی ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نوازشریف اورمیرے خلاف الزامات پران لوگوں کوبُلائے، اگرکرپشن ثابت ہوجائےتوآپ کاہاتھ ہوگااورمیراگریبان ،یہ لوگ الزامات ثابت کردیں تو سیاست کو خیرباد کہہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ ن پنجاب کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کے موقع پر پُرجوش خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی پاکستان کے خلاف سازش ہے، پی ٹی آئی اور ق لیگ والے سی پیک کی مخالفت کرکے ملک دشمنی کر رہے ہیں، اورنج ٹرین منصوبےکی تکمیل کیلئے جان بھی دینا پڑی تو عوامی اور ملکی مفاد میں ایسا کر جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی نسلیں چین کو یاد رکھیں گی، لیکن پی ٹی آئی سی پیک، اورنج لائن ٹرین اورکسان پیکیج جیسے منصوبوں کی مخالفت کرکے ملک دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے۔
شہبازشریف نےآئندہ سال بجلی کےاندھیرے ختم ہونے کی پھر نوید سنائی اورکہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت ترقیاتی منصوبے مکمل کررہی ہے۔
انہوں نےکہا کہ ایک پی ٹی آئی والےنےکروڑوں کے قرضے معاف کرائےتو دوسرے نے لاہور کی زمینوں پر قبضے کرائے۔