20 جون ، 2012
سوات … مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی یوسف رضا گیلانی سے ذاتی دشمنی نہیں، اگر وہ زرداری کا ساتھ دینے کے بجائے آئین کا ساتھ دیتے تو رسوا ہوکر نہ جاتے۔ سوات کے علاقے مینگورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ 90 دن میں پاکستان بدلنے کی باتیں کرنے والے جھوٹے ہیں، زرداری اور گیلانی نے عوام کو کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا تحفہ دیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا آج کوئی ایسا شخص نہیں جو زرداری صاحب اور ان کی حکومت سے خوش ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو اس لئے ووٹ نہیں ملا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے نہ مانے، ہم حکمرانوں کے راستے میں کھڑے ہوگئے، ہم نے کہا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ماننا پڑے گا، وزیراعظم گیلانی توہین آمیز گفتگو کررہے تھے، ان کا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ وہ سپریم کورٹ کا حکم تسلیم کریں، لیکن آج انہیں ہار ماننی پڑی۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو چاہئے تھا کہ ملک اور آئین کا ساتھ دیتے، میری یوسف رضا گیلانی سے ذاتی دشمنی نہیں، اگر وہ زرداری کا ساتھ دینے کے بجائے آئین کا ساتھ دیتے تو رسوا ہوکر نہیں جاتے۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ لوگ ایسی حکومت کا ساتھ نہ دیں جو کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی اتحادی جماعتوں سے کہا کہ وہ ایسی حکومت کا ساتھ چھوڑ دیں جو آئین و قانون کا ساتھ نہیں دیتی۔ جلسے سے مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ وکٹ اڑانے سے نہیں خدمت سے خوش ہوتے ہیں۔