20 جون ، 2012
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مختلف حیلے بہانوں سے پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے گی اور وہ پارلیمنٹ اور آئین کی بالا دستی کو یقینی بنانا جانتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات شہید بے نظیر بھٹو کی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری بیان میں کہی۔ صدر زرداری نے کہا کہ متروک آرٹیکل 58 ٹو بی کے استعمال کے ذریعے چور دروازوں سے پارلیمنٹ کو ختم کرنے کا دور ہمیشہ کیلئے گزر چکا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ اب کسی پچھلے یا اطراف کے دروازوں کو منتخب پارلیمنٹ کو گھر بھیجنے کیلئے دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے کہ پیپلز پارٹی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر کے یا سازشیں کر کے اسے جمہوریت کی مضبوطی کا سفر جاری رکھنے سے روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام مذہب یا کسی اور نام پر دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی طرف سے مسلط کی گئی کسی منزل کو قبول نہیں کریں گے۔ صدر کا کہنا تھا شہید بے نظیر بھٹونے پارلیمنٹ اور آئین کی بالا دستی کیلئے اپنی جان دی، شہید بی بی نے جمہوریت کی خاطر ہر انتہا پسند اور آمر کا مقابلہ کیا، وہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں، ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انتہا پسندی، آمریت اور غربت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار بھٹو کے عدالتی قتل، بے نظیر پر الزامات اور ان کی شہادت اور اس کے رہنماوٴں کی کردار کشی کے باوجود ختم نہیں کی جا سکی اور یہ اپنا سفر جاری رکھے گی۔