22 جون ، 2012
اسلام آباد… وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی انتہائی سخت ہے اور ایک ہزار اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پرآج ریڈزون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ اور علاقے میں غیر متعلقہ افرادکاداخلہ بندہے۔ پارلیمنٹ ہاوس میں داخلے کے لیے بھی خصوصی پاسز جاری کیے گئے ہیں۔ریڈزون میں معمول کی نفری کے علاوہ ایک ہزار اضافی پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس کمانڈوز اور لیڈی پولیس اہلکار بھی خدمات سرانجام د ے رہی ہیں۔مارگلہ کی پہاڑیوں پر بھی رینجرز اہلکاروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ریڈزون میں نصب کیمروں سے بھی نگرانی کی جارہی ہے۔