پاکستان
13 نومبر ، 2016

نئے دور کا آغاز،سی پیک نے حقیقت کا روپ دھار لیا

نئے دور کا آغاز،سی پیک نے حقیقت کا روپ دھار لیا

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے،سی پیک منصوبہ خواب سے حقیقت میں منتقل ہورہا ہے، منصوبے سے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

گوادر بندرگاہ پر سی پیک پائلٹ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تاریخ ساز تقریب سے خطاب کرنا میرے لیے اعزاز ہے ، سی پیک سے پاکستان تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔کاشغر سے گوادر تک پہلے تجارتی قافلے کی آمد تاریخی لمحہ ہے،منصوبے سے خطبے کے عوام، سرمایہ کاروں کو وسیع مواقع ملیں گے۔

تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیردفاع خواجہ آصف،وفاقی وزیراحسن اقبال ، قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ ، سیاسی و عسکری شخصیات اور چینی سفیر نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم محمد نوز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک کے لیے نئی سڑکوں کی تیاری میں ایف ڈبلیو او کا کردار قابل تعریف ہے، اپنی اور عوام کی جانب سے ایف ڈبلیو او کے 40 شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ذاتی دلچسپی لی، جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سی پیک سارے پاکستان کا منصوبہ ہے، کسی صوبے کواس سے محروم نہیں رکھاجارہا،سی پیک کے لیے فری ٹریڈ زون بنائے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دیناہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، سی پیک کے دشمن ،پاکستان اور اس کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔حکومت بلوچستان میں خصوصی انڈسٹریل پارک تعمیر کرنے جارہی ہے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ تاجراور سرمایہ کار گوادرکے آزاد تجارتی زون سے استفادہ کریں گے۔

چینی سفیر نے اپنے خطاب کہا ہےکہ سی پیک پاکستان اور چین سمیت پورےخطےکےلیے مفید ثابت ہوگا، گوادر پورٹ کی تکمیل سےمقامی لوگوں کوروزگارملے گا ۔

اس موقع پر چینی کمپنی سائنو ٹرانس کے عہدیدار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قافلے کو بہترین سیکورٹی کی فراہمی پر حکومت اورفوج کےمشکور ہیں۔

مزید خبریں :