22 جون ، 2012
اسلام آباد … نو منتخب وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے سخت مشکلات کے باوجود آئین کی پاسداری کی اور نئی جمہوری روایات کو فروغ دیا، مجھے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کا بھی تعاون درکار ہے، یقین دلاتا ہوں کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرائیں گے۔ نو منتخب وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ مجھ پر اعتماد کرنے پر صدر زرداری، اتحادی جماعتوں اور ساتھیوں کا شکرگزار ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں، سیاسی جمہوری عمل کو احتیاط سے آگے بڑھانے کی ضروررت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی دنیا اور یورپی یونین سے تعلقات بہتر اور مضبوط بنائیں گے، پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کیلئے کام کرتا رہے گا، افغانستان میں امن تک پاکستان میں امن نہیں ہوسکتا۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ طاقت ور احتساب کا نظام بہت ضروری ہے، احتساب کا بل فوری منظور کرانے کیلئے اپوزیشن سے تعاون چاہتا ہوں، ہم شخصیات کی کوتاہیاں اداروں کے سر نہیں تھوپتے، پیپلز پارٹی اداروں اور شخصیات کا فرق سمجھتی ہے۔ نو منتخب وزیراعظم نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران، افغانستان اور بھارت کے ساتھ پْر امن تعلقات چاہتے ہیں، کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے سخت مشکلات کے باوجود آئین کی پاسداری کی، یوسف رضا گیلانی نے نئی جمہوری روایات کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرائیں گے، آزاد انتخابات کے انعقاد کیلئے اپوزیشن کا بھی تعاون درکار ہے، ملکی مسائل پر بات چیت کیلئے اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی قومی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، ہم اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہونے دیں گے۔