16 نومبر ، 2016
سندھ ہائیکورٹ نےپاکستان اسٹیل میں اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل معین آفتاب سمیت 65 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 6 دسمبر تک توسیع کردی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے پاکستان اسٹیل میں اربوں روپے کی کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت نیب نے مؤقف اختیار کیاکہ سابق چیئرمین معین آفتاب نے 2009 ءمیں ڈیلرز کو فائدہ پہنچانے کیلئے مصنوعات سستے داموں فروخت کیں ،سستے داموں مصنوعات کی فروخت سے قومی خزانے کو 378 ملین روپے کا نقصان پہنچا،ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا گیا ہے ۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل معین آفتاب سمیت 65 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 6دسمبر تک توسیع کردی ۔