23 جون ، 2012
گوجرانوالہ… انسان جب حیوان کا روپ اختیار کرلے تو تمام اخلاقی دائروں کو بھلا دیتا ہے۔ ایسا ہی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ گوجرانوالہ میں پیش آیا جہاں لالچی پوتوں نے عمر رسیدہ دادا،دادی کو ڈنڈوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سامان سمیت گھر سے بے دخل کردیا۔ گوجرانوالہ میں فتومنڈ کے علاقے عمر رسیدہ خاتون خورشید بی بی کا یہ حال ان کے سگے پوتوں سلیم اور سیف نے کیا۔ پوتوں کے ہاتھوں ظلم و بربریت کا شکار اکیلی خورشید بی بی نہیں بلکہ ان کے ہمسفر نواب خان بھی بنے۔ تشدد سے متاثرہ بزرگ جوڑے کو ڈی ایچ کیو اسپتال گوجرانوالہ میں طبی امداد دی گئی۔جہاں بزرگ خاتون خورشید بی بی اور ان کے شوہر نواب خان نے جیونیوز کو بتایا کہ انکے پوتوں سلیم اور سیف نے دو مرلے کا گھر ہتھیانے کے لیے ان پر ڈنڈوں سے تشدد کیا۔اور بعد میں ان کا سامان گلی میں پھینک کر گھر سے بے دخل کردیا۔۔انھوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی اپنی تمام جائیداد اپنے بچوں اور پوتوں کے نام منتقل کر چکے ہیں۔پولیس نے زخمی بزرگ جوڑے کا میڈیکل حاصل کرنے کے بعد قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔۔تاہم اب تک بے رحم ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔