18 نومبر ، 2016
بھارتی آبدوز نے چوری چھپے پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی،پاک بحریہ نے بروقت کارروائی کرکے مذموم بھارتی عزائم ناکام بنادیے۔
پاک نیوی فلیٹ نے بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگایا اور اس کا تعاقب کرکے اسے بھاگنے پر مجبور کردیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بھارتی آبدوز خفیہ طور پر پاکستانی حدود میں داخل ہونا چاہتی تھی، پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں سے دور دھکیل دیااور دشمن کو یہ پیغام دے دیا کہ پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے ۔
پاک بحریہ کے ترجمان کا یہ بھی کہناہے کہ پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ نے پاکستان کے پانیوں میں چھپ کر داخل ہونے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کا مسلسل پیچھا کیا اور بھارتی آبدوز کو آگے بڑھنے سے روک کر پاکستانی سمندری حدود سے بھگادیا،بھارتی بحریہ کی نقل و حرکت کو محدود کردیا گیا ہےاور چھپ کر وار کرنے والوں کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی ہے،دشمن کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے اور ناپاک ارادے دھرے رہ گئے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ یہ کارنامہ پاکستان نیوی کی اینٹی سب میرین وارفیئر صلاحیتوں کامنہ بولتا ثبوت ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں،پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہے۔
پاکستان نیوی کی اس بروقت کارروائی نے دشمن کو ایک بار پھر یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ پاکستان کی افواج کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے اور ارض پاک کی جانب اپنے ناپاک قدم بڑھانے کی جسارت نہ کرے۔
سینئر دفاعی تجزیہ کار کموڈور ریٹائرڈ عبیداللہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ بھارت کی انتہائی مہلک سب میرین تھی، اللہ نے پاکستان کو بڑے خطرے سے بچالیا، بھارتی آبدوز خطرناک ارادوں سے پاکستان میں داخل ہونا چاہتی تھی۔
ایڈمرل (ر)تسنیم احمدکا کہنا ہے کہ بھارتی سب میرین کے پاکستان آنےکے3 سے4 مقاصد ہوسکتے ہیں، پاک بحریہ نے مستعدی سےبھارتی سب میرین کاسراغ لگایا، پوری دنیا میں آبدوز کے ذریعے معلومات اکھٹی کی جاتی ہیں۔