23 جون ، 2012
اسلام آباد… نئی وفاقی کابینہ کے تمام 38 ارکان کو پہلے والی وزارتوں اور ڈویژنز کے قلم دان سونپ دیئے گئے ہیں ، وزیراعظم کے تین مشیر بھی مقرر کئے گئے ہیں ۔ کیبنٹ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن میں 27 وفاقی وزراء اور 11 وزراء مملکت کو قلم دان سونپے گئے ہیں، ان تمام وزراء کو وہی قلم دان دیئے گئے ہیں جو ان کے پاس سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی آخری کابینہ میں رہے تھے، رحمان ملک کو وزیراعظم کا سینئر ایڈوائزر برائے امور داخلہ ، ڈاکٹر عاصم حسین کو مشیر پٹرولیم اور ڈاکٹر پال بھٹی کو مشیر برائے مذہبی رواداری مقرر کیا گیا ہے ، نئے وفاقی وزراء میں پرویز الہٰی دفاعی پیداوار اور صنعت ، امین فہیم کو تجارت، حناربانی کھر خارجہ امور، حفیظ شیخ کو خزانہ امور کا قلم دان دیا گیاہے، احمد مختار کو پانی و بجلی، سید نوید قمر کو دفاع، قمر زمان کائرہ اطلاعات و نشریات کے وزیر ہوں گے، میاں منظور وٹو کو امور کشمیر، فاروق نائیک کو قانون، خدابخش راجڑ کو انسداد منشیات ، ڈاکٹر فاروق ستار کو اوورسیزپاکستانیز، بابرخان غوری کو پورٹس و شپنگ کی وزارتیں دی گئیں،غلام بلور کو ریلوے، خورشید شاہ کو مذہبی امور کے قلم دان دیئے گئے ہیں، ایک مرحلے پر وزیراعظم کے مضبوط امیدوار بننے والے مخدوم شہاب الدین کے پاس وزارت ٹیکسٹائل ہی رکھی گئی ہے۔