20 نومبر ، 2016
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ خطے میں امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ نے پاک چین مشترکہ بحری مشقوں کا معائنہ کیا۔ چینی جہاز کے سینئر کیپٹن چی شنگ تاؤ نے اپنے جہاز پر نیول چیف کا استقبال کیا۔نیول چیف نے چینی جہاز کے افسروں سے مُلاقات کی اور پیشہ ورانہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر پاک بحریہ کےسربراہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مستحکم اور تاریخی تعلقات ہیں، مشقوں سے پاک چین بحری اشتراک کو فروغ ملے گا اور اس کی اہمیت گوادر پورٹ اور سی پیک کے تناظر میں مزید بڑھ گئی ہے۔
نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ نے پی این یونٹس کا دورہ بھی کیا اور افسروں اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہا۔