Geo News
Geo News

پاکستان
23 جون ، 2012

نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو راستوں پر عوامی مزاحمت کرینگے، لیاقت بلوچ

نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو راستوں پر عوامی مزاحمت کرینگے، لیاقت بلوچ

کراچی … جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کیلئے ہمارا مطالبہ امریکی حکومت کی معافی نہیں ، اگرنیٹو سپلائی بحال کی گئی تو سپلائی کے راستوں پر عوامی مزاحمت کریں گے، عوام سمجھتے ہیں کہ جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف اگر مل جائیں تو ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارنے انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کیلئے معافی کا مطالبہ کرنا بھی بحیثیت خودمختار ملک وقوم کی تذلیل کے مترداف ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نیٹو سپلائی کی بحالی کیلئے معافی کے موٴقف کی حمایت نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی خود مختاری و سلامتی کیلئے نام نہاد دہشت گردی کی جنگ سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیٹو کی سپلائی کی بحالی کی کوشش کی گئی تو عوامی احتجاج کے ذریعے نیٹو رسد کے راستے بلاک کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کیلئے متفقہ عبوری حکومت، شفاف انتخابی فہرست اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن ضروری ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مشترکہ نکات پر حکومت پر دباوٴ کیلئے مسلم لیگ ن، تحریک انصاف سمیت تمام دینی و سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری متنازع ہیں، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کی حیثیت سے انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی اور جے یوآئی ف آئندہ الیکشن کیلئے خیبر پختونخوا میں اکٹھے ہوگئے تو سیاسی نقشہ تبدیل ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ کراچی میں اینٹی ایم کیو ایم اوراندرون سندھ اینٹی پیپلزپارٹی تمام سیاسی قوتیں اتحاد کرلیں تو حکومتی اتحادی جماعتوں کو شکست دے سکتے ہیں۔

مزید خبریں :