25 نومبر ، 2016
لاڑکانہ کیڈٹ کالج کے طالبعلم محمد احمد پر اساتذہ کے مبینہ تشدد کے معاملے پر میڈیکل بورڈ کا اجلاس کراچی میں شروع ہوگیا،میڈیکل بورڈ کے اراکین جناح اسپتال میں محمد احمد کا معائنہ کریں گے۔
لاڑکانہ کیڈیٹ کالج کے 14 سالہ محمد احمد پر اساتذہ کے مبینہ تشدد کے واقعے نے اعلیٰ حکام کو جھنجوڑ دیا،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے حکم پر میڈیکل بورڈ اور تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہیں۔میڈیکل بورڈ کا پہلا اجلاس 23 نومبر کواراکین کی عدم موجودگی کے باعث نہ ہوسکا تھا۔
محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہےکہ میڈیکل بورڈ کے دو اراکین این ای ٹی سرجن ڈاکٹر عمر فاروق اور ماہر امراض اطفال ڈاکٹر جمال رضا ملک میں موجود نہیں تھے۔ طالبعلم پرتشدد کے معاملے پر میڈیکل بورڈ کا اجلاس آج بلایا گیا تھا۔
محمد احمد کو طبی معائنے کے لیے جناح اسپتال پہنچادیا گیا ہے،10 رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر جنید اشرف ہیں۔محمد احمد کے والد کا کہنا ہےوہ کہ تحقیقات میں مکمل تعاون کررہےہیں اور انصاف کے طلبگار ہیں۔