پاکستان
05 دسمبر ، 2016

کراچی: نجی ہوٹل میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد11 ہوگئی

کراچی: نجی ہوٹل میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد11 ہوگئی

قمر علی ... کراچی میں جناح اسپتال کے ساتھ ہی واقع ہوٹل کی چھٹی منزل پر آگ لگنے کے باعث جھلسنے اور دم گھٹنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 30 سے زائد افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت ہوٹل میں غیر ملکی بھی موجود تھے۔

کراچی میں شاہراہ فیصل پر جناح اسپتال کے ساتھ ہی واقع ہوٹل میں رات گئے آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کی تین فائر ٹینڈرز نے دو گھنٹے سے زائد وقت میں آگ پر قابو پالیا، تاہم شدید دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔

عمارت میں پھنسے لوگوں کو صرف ایک اسنارکل کی مدد سے نکالا جاتا رہا۔ کئی افراد نے کمبل اور چادر کی مدد سے اترنے کی کوشش کی جنہیں انتظامیہ نے روک دیا۔ ہوٹل میں موجود عوام نے شکایت کی کہ ریسکیو کا عمل بہت سست ہے جس کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایس ایس پی ساؤتھ ثاقب اسماعیل میمن اور میئر کراچی وسیم اختر بھی ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے پہنچے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

جناح اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ دھویں سے دم گھٹنے اور جھلسنے سے 4 خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 30 سے زائد افراد کو حالت خراب ہونے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت متعدد غیر ملکی بھی ہوٹل میں موجود تھے۔ ہوٹل انتظامیہ اور ریسکیو حکام نے ہوٹل میں موجود دھویں کو نکالنے کے بعد لوگوں کو بھی بحفاظت باہر نکال دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :