05 دسمبر ، 2016
امریکا کے نومنتخب نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل میں مرکزی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
امریکی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک پنس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی بڑھی ہے اس کی بڑی وجہ کشمیر کا تنازع ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے رہنماوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ امریکا دونوں ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مائیک پنس نے کہا کہ نومنتخب صدرخطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالث کا کردار ادا کرنے سے متعلق سوال پر مائیک پنس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نہ صرف امریکا کے داخلی امور پر توجہ دیں گے بلکہ دیرینہ عالمی مسائل کے حل کے لیے اپنی غیرمعمولی صلاحیتیں بھی بروئے کار لائیں گے۔