پاکستان
07 دسمبر ، 2016

چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لاپتہ

چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لاپتہ

 

 

 

طارق ابو الحسن...چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لاپتہ ہوگیا ہے، طیارے کا اسلام آباد پہنچنے سے کچھ دیر قبل کنٹرول ٹاور کے ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا اور وہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔

چترال تا اسلام آباد پرواز کرنے والے پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے میں 47افراد سوار تھے،پی آئی اے طیارہ فلائٹ نمبر پی کے 661 ایبٹ آباد کے قریب ساڑھے 4بجے لاپتہ ہوا ہے،جس کی تلاش اب گرائونڈ پر کی جارہی ہے۔

دوسری جانب حویلیاں آرڈیننس فیکٹری کے قریب پہاڑی علاقے میں مقامی افراد نے ایک طیارہ گرتے ہوئے دیکھا ہے جس کے بارے میں یہی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ پی آئی اے کی بدقسمت فلائٹ پی کے 661ہی ہے ۔

طیارہ گرنے کے مقام سے دھواں اٹھ رہا ہے جو دور دور تک دیکھا جارہا ہے، حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں، پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ مقام پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہوسکتا ہے۔

جہاز کے کیپٹن صالح جنجوعہ تھے جبکہ کو پائلٹ احمد جنجوعہ تھے، حویلیاں کے قریب طیارہ خراب ہونے کے حوالے سے جہاز کے کیپٹن نے مے ڈے کال دی ہے جس کے بعد طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

واضح رہے کہ مے ڈے کال کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ پرواز انتہائی خطرے میں ہے، اس کال کو انتہائی درجے کی ایمرجنسی سمجھا جاتا ہے اور یہ تصور کیا جاتا ہے کہ طیارے پر سے اس کے کیپٹن کا کنٹرول ختم ہوگیا ہے۔

سول ایوی ایشن کے مطابق طیارہ 3بج کر 50منٹ پہ چترال سے اڑا تھا جسے 4بج کر 45منٹ پر اسلام آباد پہنچنا تھا۔

مزید خبریں :