09 دسمبر ، 2016
وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ جو وہ کہیں وہی قانون ہو جو الزام لگائیں اسی پر سپریم کورٹ فیصلہ سنادے۔
انہوں نے سینیٹر پرویز رشید اور مشیر قانون بیرسٹر ظفر اللہ کے ہمراہ اسلام آبادمیں پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ خان صاحب آپ اپنے ارادوں کی تکمیل شارٹ کٹ کے ذریعے چاہتے ہیں ۔
انوشہ رحمان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان دھونس اور بلیک میلنگ سے اپنی بات منوانا چاہتے ہیں،انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے گئے کاغذات کے سوا عمران خان کوئی شواہد نہیں پیش کرسکے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم ایک خود مختار خاتون ہیں، ان کے تمام ٹیکس ریٹرن جمع کرادیئے گئے ہیں،خان صاحب آپ سیاست میں نئے ہیں، اگر آپ سیاست کو جھوٹ کا دوسرا نام سمجھتے ہیں تو اپنی تصحیح کرلیں،وزیراعظم نے پہلے دن ہی کمیشن کے قیام کے لئے خط لکھ دیا تھا ۔
اس موقع پر بیرسٹر ظفر اللہ نے عمران خان کو فسطائی اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے نصیحت بھی کر ڈالی ، ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ انارکی اور فسطایت کی جانب چلے گئے ہیں،پہلے صبح کمیشن، شام کمیشن کی تکرار کرتے رہے، اب کمیشن کا بائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں۔