پاکستان
10 دسمبر ، 2016

خواجہ آصف حقائق سے آنکھیں نہ چرائیں :پی ٹی آئی رہنما

خواجہ آصف حقائق سے آنکھیں نہ چرائیں :پی ٹی آئی رہنما

 

پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عثمان ڈار اور فرخ حبیب نے وفاقی وزیر خواجہ آصف اور عابد شیر علی پر تنقید کی ہے۔

عثمان ڈار کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ خواجہ آصف حقائق سے آنکھیں نہ چرائیں، سچ بولنے اور سننے کی جرأت کریں، سیالکوٹ میں آج بھی عمران خان اور تحریک انصاف کا ووٹ بینک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این اے 110 سے تحریک انصاف نے 70 ہزار ووٹ حاصل کیے جبکہ خواجہ آصف نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں اپنے ہی وارڈ میں شکست سے کچھ نہ سیکھا۔

عثمان ڈار نے یہ بھی کہا کہ خواجہ آصف یاد رکھیں کہ عام انتخابات میں آپ کو تجویزاورتائید کنندہ نہیں ملے گا۔

فرخ حبیب کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ عابد شیر علی نے ٹھیک کہا کہ عدالت میں قوم نے جھوٹ بے نقاب ہوتے دیکھا، چور اور چوکیدار سب کے چہروں سے نقاب اترگیا، وکیل نے عدالت میں اعتراف کیا کہ وزیراعظم نے پارلیمان میں جھوٹ بولا۔

مزید خبریں :