25 جون ، 2012
قاہرہ/ واشنگٹن… مصرکے پہلے منتخب صدر اور اخوان المسلمین کے رہنمامحمد مرسی نے پیرکو نئی انتظامیہ کی تشکیل کا آغاز کردیا اور امریکی صدر بارک اوباما نے نو منتخب مصری صدر کو فون کرکے مبارکباد دی ہے۔ مصری ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق نو منتخب صدر اور ان کے ساتھیوں کے سینئر فوجی حکام سے مذاکرات جاری ہیں جن میں کئی اختلافی امور کو طے کرنے کیلئے بات چیت کی جارہی ہے۔ ادھر مصری دارالحکومت اور دیگر شہروں میں محمد مرسی کی کامیابی پر زبردست جشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق صدر بارک اوباما نے محمد مرسی کو کامیابی کے اعلان کے چند گھنٹے بعد انہیں فون کرکے مبارکباد دی۔ انہوں نے مشترکہ مفادات کیلئے منتخب صدر کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی صدر نے محمد مرسی کے حریف اور سابق وزیراعظم احمد شفیق کو سیاست میں اپنا کردار سرگرمی سے جاری رکھنے کو کہا۔ قبل ازیں وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں مصر کے صدارتی انتخاب کو جمہوریت کی بحالی کی پیشرفت میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔