26 جون ، 2012
لندن… برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیوکے ڈائریکٹرجنرل کاکہناہے کہ القاعدہ کی سرگرمیوں کامرکز افغانستان اورپاکستان سے یمن ،صومالیہ اورشمالی افریقا کے ممالک منتقل ہورہاہے۔ لندن میں ایک لیکچر میں ایم آئی فائیو کے ڈی جی جوناتھن ایوانز نے انکشاف کیا کہ ایسے کئی شواہد موجود ہیں کہ متعدد برطانوی شہری شدت پسندوں سے تربیت حاصل کرنے ملک سے باہرگئے، ان میں سے کچھ واپس آکر برطانیہ کیلئے خطرہ ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب ملکوں میں انقلاب اورخطے میں عدم استحکام کاالقاعدہ فائدہ اٹھا رہی ہے جس سے برطانیہ میں دہشت گردی کاخطرہ بڑھ رہاہے۔ القاعدہ کیلئے برطانوی شہریوں کودہشت گردی کی تربیت دے کران کے ذریعے حملے کرنے کے مواقعوں میں اضافہ ہواہے۔ جوناتھن ایوانزنے اعتراف کیا کہ اولمپک گیمزکاانعقادبرطانیہ کے دشمنوں کوموقع فراہم کرتاہے تاہم ایونٹ کیلئے سخت سیکیورٹی کویقینی بنایاگیاہے۔