بلاگ
19 دسمبر ، 2016

رومانس کا ”بادشاہ“ ایک بار پھر سے ایکشن کا ”رئیس “ بننے کو تیار

 رومانس کا ”بادشاہ“ ایک بار پھر سے ایکشن کا ”رئیس “ بننے کو تیار ہے۔اب جیتی بازی ہارنے والے ”بازیگر“نے رئیس بننے کیلئے کہاں ہار مانی، کہاں گھٹنے ٹیکے ،کہاں میدان چھوڑا اس کی تفصیل پھرصحیح۔اس وقت تو بات ان کی ایکشن مار دھاڑ سے بھر پور فلم ’رئیس ‘کی جس میں شاہ رخ خان ایک گینگسٹر کا رول کر رہے ہے۔

فلم کی پہلی جھلک تو اس سال کے شروع میں آ ئی اور اب اس فلم ٹریلر بھی ریلیز ہوگیا۔شاہ رخ خان کے ”فین“تھوڑے سے کم ہوئے ہیں لیکن اب بھی اس ”دیوانہ“ جیسا کوئی نہیں۔

کیریئر کے شروع میں اس ’بازیگر ‘نے اپنے ایکشن سے ”ڈر“ بٹھادیا لیکن بعد میں کنگ خان صرف رومانس کا ہو کر رہ گیا۔دس سال پہلے ’ڈان‘ اور پانچ سال پہلے ’ڈان 2 ‘زبردست ایکشن پیک فلم تھیں۔

یعنی شاہ رخ خان نے دس سال میں دو ہی ایکشن پیک فلمیں دی ہیں۔”دل والے“ کو تو سب بھول گئے آپ بھی بھول جائیں”را ون“ میں فکشن زیادہ تھا اور” فین “میں ڈاکیو ڈرامہ اور ”ڈیئر زندگی “ میں عالیہ ہی عالیہ۔

ایکشن مسالہ رئیس کے ٹریلر نے آتے ہی دھوم مچادی ہے ۔اب تک اس فلم کے ٹریلر کو 2کروڑ80لاکھ سے زائدبار دیکھا جاچکا ہے۔ٹریلر کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی۔ ایک سیکنڈ کیلئے بھی یہ ٹریلر ڈھیلا نہیں پڑتا۔کیا کچھ نہیں ہے اس ٹریلر میں ۔سمندر، دریااور صحرا میں ہونے والی اسمگلنگ،گجرات کی پہچان۔۔ اڑتی رنگین پتنگیں، پتنگوں سے بھی رنگین بوتلوں کی بلڈوز ہوتی ہوئی آواز ، زوردار بیک گراوٴنڈ میوزک، گینگسٹر اور پولیس کی آنکھ مچولی،شادی کی شادمانیاں ،سیاسی ریلیاں، نعرے اور جلوس۔

ڈھائی منٹ کے ٹریلر شاہ رخ کی آواز سے شروع ہوتا ہے لیکن اینٹری ’رئیس ‘پورے 35سیکنڈز بعد دیتا ہے۔ اس سے پہلے ہی نواز الدین کا جلوہ یہ بتادیتا ہے کہ فلم میں ان کا رول شاہ رخ کوچین سے بیٹھنے نہیں دیتا۔ماہرہ خان بھی شاہ رخ کے دس سیکنڈز بعد اینٹری دیتی ہیں اور پھر تیس سیکنڈز تک رہتی ہیں ۔ماہرہ کو چالیس سیکنڈز تک ٹریلر میں دکھایا گیا جو سب کیلئے حیران کن تھا۔

ویسے ماہرہ کی جھلک پھیکی پھیکی سی رہی اور کیمرہ بھی ان کو اتنا خوبصورت نہیں دکھا سکا جتنا وہ ”ہمسفر“ میں نظر آئیں۔ماہرہ بالی وڈ کی تاریخ میں پہلی ایسی شادی شدہ ہیروئن ہیں جنھوں نے کیریئر کا آغاز شاہ رخ کے ساتھ کیا ہے۔ اس سے پہلے شلپا شیٹی،پریتی زنٹا،گایتری جوشی ، دپیکااور انوشکا نے اپنا بالی وڈ کیریئر شاہ رخ کی ہیروئن بن کے شروع کیا لیکن یہ سب غیر شادی شدہ تھیں۔

فلم کیونکہ اسی کی دہائی کی کہانی پر مبنی ہے اس لیے اس میں شاہ رخ کا ”لُک “کمال کا دکھایا ہے، شاہ رخ کی داڑھی، ہیئر اسٹائل ،بالوں پر لگا تیل، کپڑے، آنکھوں پر لگا سرمہ اور چشمہ سب دبنگ آیا ہے۔فلم کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ گجرات کے حقیقی گینگسٹر کی کہانی ہے لیکن فلم میں کافی چیزیں کولمبیا کے ڈان ”ایسکو بار“پر بنی فلموں سے بھی لی گئی ہیں۔

فلم کو اجے دیوگن کی ”ونس اپان اے ٹائم ان بمبئی“ سے بھی جوڑا جارہا ہے ۔بالی وڈ میں اس طرح کی کہانی ’شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالا‘ کی بھی تھی ۔کہانی کیسی بھی ہولیکن اگر اس کا ٹریٹمنٹ ٹریلر جیسا ہے تو فلم کیلئے زوردار کمائی اور کئی ایوارڈز پکے ہیں۔

فلم میں ہمیشہ کی طرح ایسا بھی ہوگا کہ پولیس والے نواز الدین اورڈان شاہ رخ خان ایک دوسرے کے علاوہ پوری فلم میں سب کو مارتے رہیں گے لیکن آخر تک ایک دوسرے سے زوردار ڈائیلاگز کی بھاشن بازی کرتے رہیں گے۔

فلم میں دوستوں کے ساتھ گرما گرم چائے کی پیالی بھی ہے اوردلوں کو گرمانے وال لیلیٰ بھی۔فلم میں زینت امان کی قربانی کا مشہور گانا ”لیلیٰ ہو لیلیٰ“ آئٹم سانگ کے طور پر سنی لیون پر فلمایا گیا ہے۔لیلیٰ کا لفظ ویسے سنی کیلئے لکی ہے کیونکہ اس نام کی ان کی فلم ”ایک پہلی لیلیٰ“ فلم بھی سپر ہٹ ہوئی اور اب یہ آئٹم سانگ بھی۔

’رئیس ‘میں دو اور پاورفل اداکار بھی ہیں ان میں سے ایک ذیشان ایوب شاہ رخ کا دوست اور اتل کلکرنی دشمن بنا ہے۔

’رئیس ‘کے ٹریلر کو یو ٹیوب پر فین ، ’ڈیئر زند گی‘ ،’ ہیپی نیو ایئر‘ اور’ دل والے‘ سے بھی زیادہ پذیرائی ملی ہے لیکن دوسری طرف اس ٹریلر کو عامر کی ’دنگل‘ اور سلمان کی ’سلطان‘ سے کم دیکھا گیا ہے۔

’رئیس‘ 25جنوری کو ریلیز ہوگی ۔فلم کیلئے دو سو کروڑ کا ہدف تو ناممکن ہے کیونکہ ’رئیس‘ کو ڈیڑھ سو کروڑ کے اسٹاپ تک پہنچنے کیلئے بھی ”قابل“ اور ”روشن“ ہیرو رہتھک کوبڑے مارجن سے ہرانا ہوگا ۔رہتھک روشن کی فلم قابل’ رئیس ‘کے ایک دن بعد ریلیز ہورہی ہے ۔