دنیا
20 دسمبر ، 2016

مصر :حلب کی جعلی ویڈیو بنانے والا گروہ پکڑا گیا

مصر :حلب کی جعلی ویڈیو بنانے والا گروہ پکڑا گیا

 

مصر میں بچوں کو استعمال کر کے حلب کی جعلی ویڈیو بنانے والا گروہ پکڑا گیا، گروہ بمباری کی جگہوں پر بچوں کے ساتھ حلب کی جعلی ویڈیو اور تصاویر بناتا تھا۔

مصری وزارت داخلہ کے مطابق ان افراد کو مصر کے شہر پورٹ سعید کےعلاقے سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بچوں کے ساتھ حلب کی صورتحال پر جعلی ویڈیو اور تصاویر بنا رہے تھے۔

اس گروہ کی بنائی ہوئی ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچی خون آلود لباس کے ساتھ ٹیڈی بیئر پکڑے تباہ حال عمارتوں کے پاس کھڑی ہے، درحقیقت یہ جگہ پورٹ سعید کی خستہ حال عمارتوں کی ہے جو حلب کی عمارتوں سے مشابہہ ہیں اور بچی کے لباس پر دیکھا جانے والا سرخ رنگ بھی خون نہیں ہے۔

گرفتار افراد جعلی ویڈیو اور تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالنا چاہتے تھے اور اس سے قبل بھی حلب کی جعلی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالتے رہے ہیں۔

رواں سال کے اوائل میں بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹ نے بھی یہ انکشاف کیا تھا کہ امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے ایک برطانوی فرم کو جعلی ویڈیوز بنانے کے لیے پانچ کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم دی گئی ہے۔

گزشتہ کئی سال سے حلب میں جاری خانہ جنگی، اس جنگ کو جھیلنے والوں کی تکالیف اور موجودہ دور کے اس افسوسناک انسانی المیے سے فائدہ اٹھانے والے موقع پرستوں کا یہ واحد گروہ نہیں۔

انسانی المیوں کو مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پر ڈالی گئی کسی بھی ویڈیو یا تصویر کی مصدقہ ذرائع سے تصدیق کی جائے۔

مزید خبریں :