26 جون ، 2012
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ اور پر تشدد واقعات میں کے ای ایس سی کے ڈپٹی جنرل منیجر اورڈرائیور سمیت چار افراد کو قتل جبکہ متعددد کو زخمی کو کردیا گیا۔پولیس کے مطابق ملیر کے علاقے الفلاح کالونی میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے کے ای ایس سی کے دفتر میں گھس کر فائرنگ کردی جس سے کے ای ایس سی کا ڈرائیور امان اللہ جاں بحق ہو گیا جبکہ لائن مین ناصر عباس کو شدید زخمی کردیا، لاش اور زخمی کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ نارتھ ناظم آباد میں سیفی کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کے ای ایس سی کے ڈپٹی جنرل منیجر سید عمران جعفری جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق انہیں گھر سے دفتر جاتے ہوئے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ ناظم آباد کے علاقے جہانگیر آباد میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ سرجانی ٹاوٴن سیکٹر فائیو ڈی میں نامعلوم ملزمان نے ٹائر پنکچر لگانے والے نصیر کو اغواء کرکے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔لیاری کے علاقے بہار کالونی سے دو روز قبل اغواء کئے گئے شیراز بلوچ کو نامعلوم ملزمان نے تشدد کے بعد مردہ جان کر گل محمد کو پھینک دیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ سہراب گوٹھ اور پاک کالونی میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔