31 دسمبر ، 2016
نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار آج چیف جسٹس پاکستان کے اہم ترین عہدے کا حلف اٹھائیں گے، جسٹس ثاقب نثار سول ، ٹیکس ،کمرشل اور کانسٹی ٹیوشنل لاء کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔
جسٹس ثاقب نثار 18جنوری 1954کو لاہور میں پیدا ہوئے ،میٹرک کیتھڈرل ہائی اسکول لاہور سے کیا ،گریجویشن گورنمنٹ کالج لاہور سے کی اور قانون کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے1980 میں لی۔
22مئی 1998کو لاہور ہائی کورٹ کے جج بنے ،18فروری 2010کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج تعینات ہوئے۔
جسٹس ثاقب نثار نے 3نومبر 2007کو جنرل پرویز مشرف کے پی سی او پر حلف سے انکار کیا ، آئین بحال ہونے کے بعد فاروق نائیک فامولا کے تحت ہائی کورٹ کے جج کے عہدے پر بحال ہوئے ۔
جسٹس ثاقب نثار نے2009میں پیپلز پارٹی دور میں قانون کے برخلاف لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بننے سے انکار کر دیا تھا ۔
بطور جج جسٹس ثاقب نثار سپریم کورٹ کے کئی اہم فیصلوں میں شامل رہے، انہوں نے حال ہی میں وزیر اعظم کی طرف سے کابینہ کو بائی پاس کر کے کیے گئے فیصلوں کو کالعدم کرنے کا اہم ترین فیصلہ دیا اور قرار دیا کوئی بل یا آرڈیننس کابینہ کی منظوری کے بغیر پیش نہیں کیا جاسکتا ، مالی امور میں کابینہ کی منظوری لازمی ہے ، وزیر اعظم ، وفاقی وزیر یا سیکریٹری تنہا وفاقی حکومت نہیں ۔
صدر ممنون حسین جسٹس ثاقب نثار سے 25 ویں چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف لیں گے۔