04 جنوری ، 2017
ترک پولیس نے استنبول کے ایک نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے مشتبہ حملہ آور کی تصویر جاری کردی ہے، پولیس نےحملہ آور کی تلاش کے عمل میں تیزی لاتے ہوئے چھاپے مار کر دو غیر ملکیوں سمیت 12 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
ترک میڈیا نے استنبول کے نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے مشتبہ مسلح شخص کی ویڈیو بھی نشر کی ہے، ویڈیو میں وہ ʼسیلفی لیتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ ویڈیو بظاہر ایک موبائل فون سے تیار کی گئی ہے جس میں مشتبہ شخص استنبول کے ’تقسیم اسکوئر‘ کے اردگرد چلتا دکھائی دیتا ہے اور ویڈیو میں وہ زیادہ تر وقت کیمرے میں دیکھتا ہے لیکن بولتا نہیں ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق دہشت گرد حملے کے مفرور ملزم نے ممکنہ طور پر شام میں تربیت حاصل کی تھی، ایک ترک اخبار نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ رائنا نائٹ کلب میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب حملہ کرنے والے دہشت گرد نے حملے کے دوران 6مرتبہ اپنا اسلحہ لوڈ کیا۔
تحقیقات کے مطابق قاتل نے 180 گولیاں چلائیں اور چھ بار میگزین بدلا جبکہ تقریباً 20مرتبہ اس کا نشانہ خطا ہوا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ استنبول حملے کی ذمہ داری اگرچہ داعش نے قبول کی ہے تاہم حملہ آور ازبک، قرغیز یا مشرقی چین کا شہری ہو سکتا ہے اور اس کی عمر 25 برس تھی۔