27 جون ، 2012
اسلام آباد…مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہاہے کہ پاکستان میں قید بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کی رہائی میں درپیش قانونی پیچیدگیوں پر غور ہورہا ہے ، پاکستان پر الزامات لگانے والے بھارت کے اپنے اندر غیر ریاستی عناصر دہشت گرد ی میں ملوث ہیں۔ رحمان ملک نے اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ میں کہاکہ سربجیت سنگھ اور سرجیت سنگھ 2 مختلف افراد ہیں، قید مکمل کرنے والے سرجیت سنگھ کو 48 گھنٹوں میں واہگہ کے راستے بھارت بھیج دیا جائے گا۔ مشیر داخلہ نے کہاکہ سربجیت سنگھ دہشت گردی کے جرم میں قید ہے، اُس کی رہائی میں کچھ قانونی پیچیدگیاں ہیں، اس معاملے کا قانونی جائزہ لیا جارہا ہے،فوج نے سربجیت سنگھ کے معاملے میں کوئی مداخلت نہیں کی ہے، انہوں نے کہاکہ بھارت نے دہشت گردی کے 5 واقعات کا پاکستان پر الزام لگایا لیکن یہ تمام الزامات غلط ثابت ہوئے ہیں، رحمان ملک نے کہاکہ آئی ایس آئی پر الزام لگانے والوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ہے، بھارت کے اپنے غیر ریاستی عناصر دہشت گردی میں ملوث ہیں ،بھارت نے ذبیح الدین سے متعلق مبہم معلومات دیں۔رحمان ملک کا کہنا تھاکہ بھارت کی ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تعاون کریں گے،بلوچستان میں ملوث دہشت گردوں کوبھارت سے ٹیلیفون کالزکے ثبوت ملے ہیں،اورسیکریٹری داخلہ بھارت میں ہم منصب کوبلوچستان میں مداخلت سے آگاہ کریں گے۔