27 جون ، 2012
اسلام آباد… ماحولیاتی تبدیلیوں پر بین الحکومتی پینل کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مستقبل میں پاکستان ، بھارت، اور بنگلا دیش کے لیے موسمیاتی اثرات خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں،پاکستان قدرتی آفات سے بچاوٴ کے لیے فوری اور بھرپور اقدامات اٹھائے۔اسلام آباد میں رپورٹ کا اجرا ء بھارت سے آئے ہوئے آئی پی سی سی کے چیئرمین ڈاکٹر راجندرا پچوری نے کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ درجہ حرات میں شدید اضافہ ہورہا ہے۔جس کے باعث اس صدی کے آخر تک 20 سال بعد ہونے والی موسمیاتی تبدیلیاں ہر دو سال بعد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گی ۔اُن کا کہنا تھا کہ اگلے چند سال میں غیر معمولی بارشوں سے خطے میں سیلاب کا خدشہ ہے۔پاکستان کو اجناس، پانی اور شیلٹرز کی اسٹوریج جیسے اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کرنا ہوں گے۔وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی رانا فاروق سعید نے ممکنہ سیلاب سے بچاوٴ کے لیے سندھ اور خیبر پختونخوا میں اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا۔