27 جون ، 2012
اسلام آباد… وزارت خزانہ نے وزیر اعظم کو بتایاہے کہ ملک میں ٹیکس وصولی 18سو ارب روپے جبکہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر13 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں۔ وزیراعظم پرویز اشرف کی زیرصدارت ملک کی معاشی صورت حال پر جائزہ اجلاس وزیر اعظم ہاوٴس میں ہوا جس میں وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے بریفنگ دی۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ دنیا بھر میں معاشی ابتری کے باجود پاکستان کی معاشی صورت حال میں بہتری آرہی ہے ،وزارت خزانہ کے مطابق افراط زر کی شرح 11 فی صد جبکہ ٹیکس وصولی1800 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رواں مالی سال عوام کی بہتری اور ان کی زندگی آسان بنانے کی پالیسیاں بنائی جائیں۔