13 جنوری ، 2017
جوانوں کی شکایتوں اور سوشل میڈیا پر فوج کی حالت زار کی پول کھولنے پر بھارتی فوج پریشان ہے،جس کی وجہ سے آرمی چیف کو میڈیا سے خطاب کرنا پڑ گیا، کہا جوان سوشل میڈیا پر شکایتیں نہ کریں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئےجنرل بپن راوت کا کہنا تھا کہ جسے شکایت ہے مجھے کہے یا شکایت باکسز میں اپنی شکایات ڈالے، سوشل میڈیا پر شکایتیں نہ کرے، پچھلے دنوں بی ایس ایف جوان کی نامناسب کھانا ملنے اور سہولیات کی کمی کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور اس کے بعد سے دیگر بھارتی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شکایات منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی آرمی چیف نے پاکستان میں کیے جانے والے نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر دوبارہ بھی کر سکتے ہیں۔