23 جنوری ، 2017
عراق کے شمالی صوبہ کردستان کے صدر مسعود برزانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر نوری المالکی نے دوبارہ عراق کے وزیر اعظم کا منصب سنبھالا تو وہ علیحدہ مملکت کا اعلان کردیں گے۔
عرب اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں کردستان کے صدر مسعود برزانی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ عراقی حکومت میں وزیر خزانہ ہوشیار زیباری جو انکے قریبی ساتھی اور رشتہ دار بھی ہے کو سازش کے تحت ہٹایا گیا ہے جس کا مقصد موجودہ وزیر اعظم حیدر العبادی اور موصل آپریشن کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور نوری المالکی کو دوبارہ وزیر اعظم بننے کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔
تاہم انہوں نے واضح طور پر کہا جس وقت المالکی وزیر اعظم بنائے جائیں گے تو اسی لمحے وہ کردستان کو علیحدہ مملکت بنانے کا اعلان کردیں گے ، چاہے نتائج کچھ بھی ہو۔ یاد رہے کہ وزیر خزانہ ہوشیار زیباری کو بدعنوانی کے الزام میں ستمبر 2016 میں عہدے سے ہٹایا گیا تھا، جس پر انہوں نے حکمران جماعت حزب الدعوہ کو فرقہ وارانہ اور بدعنوان جماعت قرار دے دیا تھا۔