پاکستان
13 فروری ، 2017

لاہور:بم دھماکا،7افراد جاں بحق،متعدد زخمی

لاہور کے مال روڈ کے علاقے چیئرنگ کراس پر ڈرگ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے احتجاج کے دوران ہونے والے دھماکے میں 7افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو ئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے،جہاں شدید زخمی بھی موجود ہیں اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مظاہرین کی جانب سے اسمبلی کے سامنے اسٹیج بنایا گیا تھا اور قائدین کی جانب سے تقاریر کی جارہی تھیں کہ اس وقت انتہائی شدید دھماکا ہو گیا، جس کے بعد ہر طرف انسانی اعضاء بکھرے ہوئے تھے اور زخمیوں کی چیخ و پکار سے فضا گونج رہی تھی۔

دھماکے کے بعد جائے وقوع پر افراتفری پھیل گئی جس کے بعد جس کو جہاں موقع لگا محفوظ مقام کی جانب اس نے دوڑ لگادی۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے مقام پر نئی ڈرگ پالیسی کے خلاف احتجاج جاری تھا اور لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ کے قریب موجود تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خودکش لگتا ہے، اس سے قبل ذرائع نے ہی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ دھماکا موٹرسائیکل میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا۔

واقعے میں ڈی آئی جی ٹریفک لاہور (سی ٹی او) کیپٹن احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشن زاہد گوندل بھی شہید ہوئے ہیں، سی سی پی او امین وینس نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

احمد مبین چیئرنگ کراس لاہور پر ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوشش کر رہے تھے جہاں احتجاج کے باعث ٹریفک جام تھا،احمد مبین اس سے قبل ایس ایس پی سی ٹی ڈی بھی رہے ہیں،

واقعے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، دھماکے کے متعدد زخمیوں کو گنگا رام اسپتال بھی لایا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد ایک گاڑی میںآگ لگ گئی،تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ دھماکا خیز مواد گاڑی کے اندر تھایا گاڑی میں آگ باہرکی جانب سے لگی۔

مزید خبریں :