14 فروری ، 2017
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کا کراچی میں آپریشن ہوسکتا ہے تو پنجاب میں کیوں نہیں؟
لاہور میں گنگا رام اسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں دندناتے ہوئے افراد کے خلاف رینجرز آپریشن کیوں نہیں کیا جاتا؟
عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہوتا تو ملک میں دہشت گردی نہ ہوتی۔
ٍ
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک پولیس کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا دہشت گردی ختم نہیں ہوگی، پولیس کو غیر سیاسی اور غیر جانبدار بنانا ہوگا۔
اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی لاہور کے گنگارام اسپتال آمد کے موقع پر اسپتال میں افرا تفری مچ گئی، ہجوم بے قابو ہوگیا، اسی اثناء میں اسپتال کا دروازہ ٹوٹ گیا اور شیشہ ٹوٹ کر فرش پر بکھر گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہید ڈی آئی جی احمد مبین کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے لواحقین سے تعزیت،دکھ اور افسوس کااظہار کیا، شہید ڈی آئی جی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔