18 فروری ، 2017
افغان آرمی چیف جنرل قدم شاہ شاہیم نے کہا ہے کہ افغانستان پر بمباری سے متعلق دونوں ممالک کے حکام نے اپنے تحفظات سے ایک دوسرے کو آگاہ کردیا ہے، ہم افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی سرگرمیاں روکنے کے لئے کوشاں ہیں۔
کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب میں افغان آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کی فہرست پاکستان کےعلاوہ دوسرے ذرائع سے بھی ملی ہے، ہم اس حوالے سے کام کرنے کے لئے تیار ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید معلومات کا مطالبہ بھی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان نے بھی پاکستان کو دہشتگردوں کی لسٹ اور شوہد مہیا کیے ہیں، پاکستان سے بھی دہشت گردوں کے خلاف منصفانہ کارروائی کی امید کرتے ہیں۔
افغان آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کسی کوافغان سرزمین پر حملےیا آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، اپنے آخری فوجی کی قربانی تک کسی کو افغان سرزمین پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، شیلنگ کے جواب میں ملکی دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔