02 مارچ ، 2017
لاہور میں غیر ملکیوں کے گردوں کی غیرقانونی پیوند کاری کا انکشاف ہوا ہے، ایک مریض فلسطین، دوسرا یمن کا شہری نکلا، پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
لاہورمیں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کے گھناؤنے کاروبار کا انکشاف شہری محمد عاشق نے کیا ، پولیس نے درخواست ملنے پر سندرکے علاقے میں چھاپہ مارا،کلینک سے 3 ڈاکٹر فرار ہو گئے لیکن 3کارندے پولیس کے ہاتھ چڑھ گئے۔
پولیس کو کلینک سے 2 غیرملکی مریض بھی ملے، فلسطین کا خلیل اور یمن کا عبدالرحمٰن، دونوں مریضوں کو جناح اسپتال شفٹ کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق 3ڈاکٹروں نے کرائے پر گھر لے کر کلینک بنا رکھا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی۔
محکمہ صحت کے حکام کہتے ہیں کہ لاہور میں غیر ملکیوں کے گردوں کی پیوند کاری کا یہ پہلا کیس نہیں، کئی سالوں سے یہ سلسلہ چلا آ رہا ہے۔
اس گھناؤنے دھندے میں ملوث ڈاکٹر پکڑے توجاتے ہیں لیکن جلد ہی رہا ہو کر دوبارہ یہی کام کرنے لگتے ہیں، محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سخت قانون سازی کی ضرورت ہے۔