02 جولائی ، 2012
نیویارک… امریکا میں عوام شدید گرمی سے پریشان ہیں، کہیں آگ ہے ، توکہیں طوفان، اورکہیں تپتے سورج سے بچنے کے لیے گھر میں رہیں تو بجلی غائب۔امریکا میں ویسٹ ورجینا، واشنگٹن ، اوہائیو میں طوفان سے درخت اور کھمبے اکھڑ گئے ، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد17 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز سے 30 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں اور مزید کئی دن تک بجلی بحالی کا کوئی امکان نہیں۔ ادھر مشرقی ریاستوں سے طوفان کو گئے دودن ہوگئے لیکن درجہ حرارت ہے کہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ اٹلانٹا سے رچمنڈRichmond تک نیشنل ویدر سروس نے عوام کو مشروبات کے استعمال ، اورسورج کی براہ راست شعاعوں سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔ ریاست کولوراڈو میں لگی آگ تو بجھ گئی لیکن سیکڑوں گھر وں کو نگل گئی، اور ہزاروں افراد دربدرہوگئے۔ اپنے علاقوں کو لوٹنے والے اب بھوکے ریچھوں اور چور اچکوں سے پریشان ہیں، جن کی وجہ سے مزید دو افراد جان سے گئے۔