01 فروری ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ نے ڈینگی اور ادویات کے ری ایکشن سے ہلاکتوں پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور غیر معیاری ادویات تیار کرنے والی کمپنی کے مبینہ پارٹنر حمزہ شہباز شریف کو نااہل قرار دینے کی درخواست پر مزید کارروائی 6 فروری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل خرم لطیف کھوسہ کو ہدایت کی کہ وہ درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے دلائل دیں۔ عدالت نے عدالتی کمیشن کے قیام سے متعلق ایک اور درخواست کو اس کیس سے منسلک کردیا۔ چوہدری فاخر ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی ہے کہ ہلاکتوں کی براہ راست ذمہ داری وزیر اعلیٰ پنجاب پر ہے عدالت انہیں نااہل قرار دے اور ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ حمزہ شہباز الفا فارما میں حصہ دار ہیں، ان کے خلاف بھی انکوائری کی جائے، عدالت نے کہا کہ کیس کی انکوائری کیلئے ہائی کورٹ کا ٹریبونل بھی قائم ہوگیا ہے، آئندہ سماعت پر یہ دلائل دیئے جائیں کہ اس کیس کی سماعت عدالت کرسکتی ہے یا نہیں۔