پاکستان
06 اپریل ، 2017

کراچی: قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن میں پولیس پر پتھرائو، مقدمہ درج

کراچی: قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن میں پولیس پر پتھرائو، مقدمہ درج

کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں سر کلر ریلوے کی بحالی کے لیے سرکاری اراضی پر قابض مافیا کے خلاف محکمہ انسداد تجاوزات سیل نے گرینڈ آپریشن شروع کردیا، آپریشن شروع ہو تے ہی مافیا کے کارندے مشتعل ہو کر سڑکوں پر آگئے۔ادھر مچھر کالونی میں جلاو گھیراو کے خلاف ڈاکس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں اور مافیا کے کارندوں نے ٹیم پر حملہ کرتے ہو ئے پتھرائو شروع کردیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ و ہوائی فائرنگ کے ساتھ لاٹھی چارج بھی کیا۔ مشتعل افراد نے پولیس کی ایک موبائل اور ہیوی مشنیری کو آگ لگانے کے ساتھ ماڑی پور روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ ماڑی پور روڈ بند ہونے سے اطراف کی سڑکوں پر گھنٹوں بدترین ٹریفک جا م رہا۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی محمدی کالونی سے متصل سرکلر ریلوے کی بحالی کے سلسلے میں سرکاری زمین پر قابض مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لیے محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بدھ کی صبح علاقے میں پہنچ گئی اور سرکاری اراضی پر تعمیر مکانات اور دکانوں کو مسمار کیا جانے لگا اسی دوران قبضہ مافیا کے کارندے موقع پر جمع ہو گئے اور ٹیم کو کام سے روکنے کی کوشش شروع کردی ۔

پولیس کی نفری نے مافیا کے کارندوں کو دخل اندازی سے روکے رکھا بعد ازاں مافیا کے کارندے علاقہ مکینوں کو لے کر بڑی تعداد میں موقع پر دوبارہ پہنچ گئے اور نعرے بازی کرنے کے ساتھ پولیس اور ٹیم پر پتھرائو شروع کردیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہلکا لاٹھی چارج کیا تو مظاہرین مزید مشتعل ہو گئے جس پر پولیس نے فوری طور پر شیلنگ و ہوائی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں مظاہرین میں بھگدڑ مچ گئی اور مظاہرین گلیوں میں چھپ گئے جہاں سے وقفے وقفے سے پولیس پر پتھرائو کیا جاتا رہا۔

دوسری جانب مظاہرین کی ایک ٹولی ماڑی پور روڈ پر پہنچ گئی اور سڑک کو بلاک کر کے ٹائر نذر آتش کر دیے جس کے نتیجے میں ماڑی پور روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔

علاقے کی خراب صورتحال کو دیکھتے ہو ئے اضافی نفری بھی موقع پر بھیجی گئی اسی دوران مظاہرین نے ایک پولیس موبائل کو گھیر لیا جس پر اس میں سوار اہلکار موبائل چھوڑ کر بھاگ گئے جس کے بعد مظاہرین نے پولیس موبائل کو آگ لگا دی۔ ماڑی پور روڈ کی بندش کی وجہ سے اطراف کی تمام سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور کئی گھنٹے تک شدید گرمی میں ہزاروں افراد ٹریفک جام کی اذیت میں مبتلا رہے۔

بعد ازاں اعلی حکام کی جانب سے آپریشن روکے جانے کے احکامات کے بعد نفری اور ٹیم علاقے سے نکل گئی اور سڑکوں پر موجود مظاہرین بھی منتشر ہو گئے۔ پولیس نے کہا کہ آپریشن روکا نہیں جائے گا اور جمعرات کو آپریشن بھرپور انداز میں نئی حکمت عملی سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

دوسری جانب مچھر کالونی میں جلاو گھیراو کے خلاف ڈاکس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے تجاوازت کے خلاف آپریشن پر احتجاج اور جلاو گھیراو کیا تھا۔

ایس ایس پی کیماڑی عارف عزیز کے مطابق مختیار کار ہاربر کی مدعیت میں مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔مقدمے میں انسداد دہشتگردی، بلوہ، جلاو گھیراو سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔

مچھرکالونی کے رہائشیوں نے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ کی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی پر احتجاج کیا ، ٹائر اور دیگر اشیاء جلاکر روڈ بلاک کردیا تھا۔احتجاج کے ساتھ محکمہ اینٹی انکروچمنٹ کی مشینری کوبھی نقصان پہنچایا تھا۔

مزید خبریں :