کھیل
14 اپریل ، 2017

پاکستان ہاکی کی تباہی کے ذمہ دار سابق اولمپئنز ہیں، حنیف خان

پاکستان ہاکی کی تباہی کے ذمہ دار سابق اولمپئنز ہیں، حنیف خان

ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، پاکستان ہاکی سنہری یادوں سے بھرا پڑا ہے، ماضی میں ہاکی کا کون سا عالمی اعزاز تھا جو گرین شرٹس نے نہیں جیتا۔

پاکستان نے ورلڈ کپ 4مرتبہ، اولمپکس کا گولڈ میڈل 3بار اور چیمپینز ٹرافی کا اعزاز 3مرتبہ جیتا، لیکن افسوس آج پاکستان ہاکی کا دامن خالی ہے، پاکستان کے پاس نہ صرف کوئی عالمی اعزاز نہیں بلکہ اب تو یہ وقت ہے کہ ماضی کے ورلڈ چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ اور اولمپکس کے لیے حالیہ عرصے میں کوالیفائی تک نہ کر سکی۔

اس بارے میں قومی ہاکی ٹیم کے مینیجر اولمپئن حنیف خان کہتے ہیںکہ پاکستان ہاکی کی زوال کی اہم وجوہات میں سابق اولمپئنز کا بھی اہم کردار ہے،جو عہدوں کے علاوہ اس کھیل کی بقاء کے لئے اہم کردار ادا کر نے سے قاصر رہیں۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام اسکور میں سید یحییٰ حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف خان کا مزید کہنا تھا کہ اب ہمیں نئے لڑکوں کی طرف دیکھنا ہوگا، درست کہ ہم آسڑیلیا میں چار ٹیسٹ ہار گئے، البتہ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ رینکنگ میں بہتر نمبر کی ٹیم نیوزی لینڈ کو ہم نے اس کے گھر میں اسی ٹیم کے ساتھ شکست دی ہے۔

قومی ٹیم کے منیجر نے امید ظاہر کی کہ انگلینڈ میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں ٹیم بہتر نتائج دے گی۔

دوسری طرف پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان فلائنگ ہارس سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ غلط پالیسیوں اور نا اہل عہدیداروں کی سیاست کے سبب آج پاکستان ہاکی اس حال میں پہنچ گئی ہے، البتہ وہ مایوس نہیں ہیں، انہیں لگتا ہے کہ پاکستان ہاکی کا مستقبل تابناک ہو گا۔

مزید خبریں :