18 اپریل ، 2017
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے رہنماء پروفیسر حسن ظفر عارف کے ریلیز نگ آرڈر جاری کردیئے ہیں، جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ایم کیوایم لندن کے رہنماء پروفیسر حسن ظفر عارف کے ریلیزنگ آرڈر جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم اگر کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہے تو رہا کردیا جائے۔
عدالت نے 12 اپریل کو ان کی ضمانت 1 لاکھ روپے میں منظور کی تھی، پروفیسر حسن ظفر کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے ۔
پروفیسر حسن ظفر عارف کی رہائی کے وقت سینٹرل جیل کے باہر ان کے وکلاء اور ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے ان کا استقبال کیا اور ان کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈالے، استقبال کرنے والوں میں خواتین کارکن بھی موجود تھیں۔