24 اپریل ، 2017
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دو تین روز میں چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک اداروں سے چلتے ہیں لیکن ادارے تباہ کردیے گئے، سپریم کورٹ واحد ادارہ ہے جس سے امید ہے، تحریک انصاف سپریم کورٹ اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بنی گالہ میں سیمنٹ کا جنگل آرہاہے، پارکس پر قبضے ہورہے ہیں، چائنا کٹنگ ہورہی ہے، بچوں کے کھیل کے میدان ختم ہورہے ہیں، بنی گالہ میں حدود کا جھگڑا کھڑا کردیا جاتا ہے، ضلعی انتظامیہ کہتی ہےہماری حدود نہیں،سی ڈی اے کہتی ہے ہماری نہیں ،بنی گالہ کس حدود میں ہے، چیف جسٹس ہی مسئلہ حل کراسکتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے بنی گالہ کی بات کی ہے ، یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، دنیا بھر میں پاکستان میں سب سے زیادہ بچے گندا پانی پینے سے مرتے ہیں، ادارے تگڑے ہوں تو وزیراعظم کرپشن کر ہی نہیں سکتا، پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے نے اداروں کو ایکسپوز کردیا ہے۔