Geo News
Geo News

پاکستان
02 مئی ، 2017

بھارت کا پاکستان سے ہاٹ لائن پر رابطہ

بھارت کا پاکستان سے ہاٹ لائن پر رابطہ

لائن آف کنٹرول کی صورت حال پرپاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا الزام مستردکردیا اور کہا کہ بھارت کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر امن چاہتا ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان آج رابطہ ہوا،پاکستان نے بھارتی الزام مسترد کرتے ہوئے بھارت سے کنٹرول لائن پر پاکستان کی سیزفائر کی خلاف ورزی کے ثبوت دینے کا مطالبہ کیا ۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج پیشہ ورانہ اقدار پرعمل پیرا رہی ہے، پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے میں بھارت کو بتایا گیا کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر امن کی خواہاں ہے، ایل او سی پر بھارتی حدود میں پاکستانی دستوں کی پیش قدمی بھی نہیں ہوئی، بھارتی فوج واقعہ کی خود تحقیقات کرے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ وادی اور ایل او سی پر معصوم شہریوں کو ہمیشہ نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے معصوم شہریوں پر ہونے والے حملوں کو ہمیشہ اجاگر کیا۔

اس سے پہلے راولا کوٹ کے پونچھ سیکٹر میں پاک بھارت ہاٹ لائن رابطہ ہوا تھا، جس میں پاکستان کے مقامی کمانڈر نے بھارتی فوجی حکام سے بات کرکے واضح کیا تھا کہ پاکستان نے سیز فائر کی خلاف وزری نہیں کی، میڈیا پر بھارتی فوجیوں کی لاشوں سے متعلق غیر ضروری شورشرابا کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :