کھیل
07 مئی ، 2017

کراچی کرکٹ کے مفاد میں پی سی بی کو فریق بنایا،پروفیسر اعجاز فاروقی

کراچی کرکٹ کے مفاد میں پی سی بی کو فریق بنایا،پروفیسر اعجاز فاروقی

کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن پروفیسر اعجاز فاروقی نےکہا ہے کہ انہیں گورننگ بورڈ کے رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرنے سے نہ روکا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی پٹیشن میں کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن پروفیسر اعجاز فاروقی نےموقف اختیار کیا ہے کہ اگرچہ بحیثیت کراچی ریجن کے صدر ان کے تین سال کے عہدے کی مدت اس سال مئی میں ختم ہوگئی ہے ،البتہ گورننگ بورڈ میں ان کے عہدے کی مدت اس سال اگست میں ختم ہونا ہے،لہٰذا انھیں گورننگ بورڈ کے رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرنے سے نہ روکا جائے۔

درخواست گذار نے اس بارے میں موقف اختیار کیا کہ اس سال جنوری میں پشاور ریجن کے صدر گل زادہ نے بھی اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد عدالت سے رجوع کیا،اور وہ گورننگ بورڈ اجلاس میں شریک ہوئے،پروفیسر اعجاز فاروقی نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کر کے انہوں نے ذاتی مفاد میں کوئی قدم نہیں اٹھایا،بلکہ کراچی کرکٹ کے مفاد میں یہ قدم اٹھایا۔

اعجاز فاروقی کا موقف ہے کہ کراچی ریجن میں زون ایک اور دو کے انتخابات نہ ہونے کے سبب ابھی نئے صدر اور سیکریٹری کے انتخاب نہیں ہو سکتے ،اور اس تناظر میں گورننگ بورڈ میں کراچی کی نمائندگی نہیں ہوتی لہٰذا انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔یاد رہے 2014ء میں پروفیسر اعجاز فاروقی تین سال کے لئے کراچی ریجن کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

مزید خبریں :